رویندرا بھارتی میں مئی ڈے تقریب، وزیرداخلہ تلنگانہ این نرسمہا ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت مزدور پیشہ و محنت کش طبقہ کی فلاح و بہبود کی نہ صرف پابند ہے بلکہ کئی ایک مؤثر اقدامات کررہی ہے۔ آج یہاں رویندرا بھارتی تھیٹر میں منعقدہ ’’یوم مئی تقاریب‘‘ (مئی ڈے) سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت و روزگار اور داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں محنت کش طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے جو اقدامات کئے جارہے ہیں وہ ملک بھر میں نہیں کئے جارہے ہیں لہذا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ جیسے قائد پر ملک کو فخر کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست میں کرپشن سے پاک حکومت چلانے اور نظم و نسق کو بھی پاک و صاف بنانے کوشاں ہیں۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے گہرے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ حکومت میں کاغذ نگر پیپر مل بند ہوجانا انتہائی بدبختی کی بات ہے۔ تاہم حکومت کاغذ نگر پیپر مل کی دوبارہ عاجلانہ کشادگی کے لئے ممکنہ اقدامات کررہی ہے تاکہ ملازمین اور ورکرس کاغذ نگر پیپر مل کو پھر سے روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں۔ انھوں نے کہاکہ کاغذ نگر پیپر مل کی دوبارہ کشادگی کے لئے ورکرس اور پیپر مل انتظامیہ کے مابین خوشگوار ماحول کا پایا جانا بہت ضروری ہے۔ رویندرا بھارتی میں منعقدہ مئی ڈے تقریب میں صدرنشین ریاستی قانون ساز کونسل تلنگانہ مسٹر سوامی گوڑ، راملو نائک رکن کونسل کے علاوہ ریاستی محکمہ لیبر کے اعلیٰ عہدیدار و محنت کش طبقہ اور محنت کش طبقہ کی مختلف یونینوں کے قائدین بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔ اسی دوران ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع وغیرہ میں آج یوم مئی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کی گئیں۔ ورکرس نے اپنے آپسی اتحاد پر زور دیتے ہوئے مختلف تقاریب میں اتحادی نعرے بلند کئے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ضلع عادل آباد کے بیلم پلی، ضلع کریم نگر کے مندامری، سری رام پور، سنگارینی کالریز ڈیویژنوں میں تلنگانہ کول اینڈ مائنس ورکرس یونین نے بڑے پیمانے پر مئی ڈے تقریب کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے رسم پرچم کشائی انجام دی۔ علاوہ ازیں ضلع نلگنڈہ کے نکریکل، کٹنگور میں آٹو ٹرالی ورکرس نے ریالی منظم کی۔ ضلع نظام آباد کے تمام مقامات پر یوم مئی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کئے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔