مزار شریف ۔ دہلی پروازوں کا آغاز

ہیرات سے بھی فضائی خدمات شروع ہوں گی ، پاکستانی رکاوٹیں بے اثر
نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے شہر مزارشریف سے نئی دہلی کو مربوط کرتے ہوئے پہلی فلائیٹ سرویس کا باقاعدہ آغاز ہوا ہے۔ اس طرح دونوں ممالک میں پاکستان کی رکاوٹوں کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ مستحکم روابط کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ وزارت امورخارجہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ افغانستان کے ایک اور کلیدی شہر ہیرات کو مربوط کرتے ہوئے طیاروں کی پرواز جاریہ ہفتہ شروع کی جائے گی۔ مزارشریف جو شمالی افغانستان میں واقع ہے، یہاں کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے جبکہ ہیرات مغربی علاقہ میں واقع ہے اور ملک کا تیسرا سب سے بڑا شہر مانا جاتا ہے۔ اس وقت ایرانڈیا اور اسپائس جیٹ کی نئی دہلی تا کابل راست پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ دونوں ممالک نے باہمی روابط کو فروغ دیتے ہوئے جون میں مال برداری فضائی راہداری کا آغاز کیا تھا اور یہ کام اس وقت کیا گیا جب پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی اشیاء کی منتقلی میں رکاوٹیں پیدا کیں۔ مزارشریف میں ہندوستانی قونصل خانے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ کامگر گروپ کی ملکیت ’’کام ایر‘‘ پیر اور چہارشنبہ کو مزار شریف اور جمعہ و منگل کو ہیرات سے دہلی تک پروازیں چلائے گی۔ صوبائی کونسل بلق کے صدرنشین محمد افضل حدید نے آج ان پروازوں کا آغاز کیا۔ قونصل جنرل ہندوستان مزار شریف منجیش گروور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی سے مزارشریف راست پروازوں کا مطالبہ کافی دنوں سے جاری تھا اور یہاں سے فضائی خدمات شروع کرنے کے نتیجہ میں شمالی صوبوں کے عوام کو ہندوستان سفر اور علاج کی سہولتیں مہیا ہوںگی۔