اسلام آباد ۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے معزول وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں ، کی دختر مریم نواز نے یہ کہکر سیہالاریسٹ ہاؤس منتقل ہونے سے انکار کردیا کہ وہ انتہائی سخت سکیورٹی والی آڈیالا جیل میں ہی رہنے کو ترجیح دیں گی جہاں وہ اپنے والد اور شوہر کے ساتھ قید ہیں۔ یاد رہیکہ 13 جولائی کو نواز شریف اور مریم کو لندن سے لاہور آتے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا اور بعد ازاں انھیں راولپنڈی کی آڈیالا جیل لیجایا گیاتھا ۔ احتسابی عدالت نے نواز شریف کو دس سال اور مریم کو سات سال کی سزائے قید سنائی ہے جبکہ مریم کے شوہر صفدر کو صرف ایک سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے ۔ قبل ازیں اسلام آباد کے چیف کمشنر نے کہا تھا کہ سیہالا ریسٹ ہاؤس کو ایک ضمنی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق جیل حکام نواز شریف اور مریم کو اسی ریسٹ ہاؤس کو منتقل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ آڈیالا جیل میں خاتون قیدیوں کے لئے سہولیات کا فقدان ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مریم نے جیل حکام کو واضح طورپر کہہ دیا ہے کہ وہ اپنے والد اور شوہر کے ساتھ آڈیالا جیل میں ہی رہنا پسند کریں گی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ یہ وہی ریسٹ ہاؤس ( ضمنی جیل) ہے جہاں 1996 ء میں پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے معاون صدرنشین اور ملک کے سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی پارٹی کی حکومت تحلیل کئے جانے کے بعد رکھا گیا تھا ۔