وزیر صحت نے نمس کا اچانک معائنہ کیا‘ مریضوں سے بات چیت
حیدرآباد۔20 اپریل ( سیاست نیوز) وزیر صحت تلنگانہ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے آج اچانک شہر کے ایک ہاسپٹل نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ( نمس ) کا اچانک معائنہ کیا ۔ بالخصوص نمس کے احاطہ میں صحت و صفائی ‘ مریضوں کو بہم پہنچائی جانے والی طبی سہولتوں پر تفصیلات دریافت کی ۔ وزیر صحت نے اپنے اس اچانک دورہ کے موقع پر مکمل حالات کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹروں سے بھی معلومات حاصل کیں اور مریضوں کو مؤثر و بہتر طبی سہولت و امداد فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا اور اس بات کی خواہش کی کہ دور دراز علاقوں سے علاج کیلئے آنے والے مریضوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ صحت یابی کے ساتھ اپنے مقام پہنچ سکیں ۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی وزیر صحت نے ہنگامی نوعیت کی طبی خدمات بہم پہنچانے میں کسی بھی نوعیت کی لاپرواہی ‘ غفلت اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا سخت انتباہ دیا اور کہا کہ سرکاری زیر انتظام نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس پر پائے جانے والے اعتماد و بھروسہ کے پیش نظر ہی ریاست کے تمام مقامات سے غریب افراد علاج کی غرض سے نمس پہنچتے ہیں ۔ لہذا اس اعتماد و بھروسہ کو برقرار رکھنے کیلئے غریب مریضوں پر اولین ترجیح دینے اور بہتر طبی خدمات انجام دینے کی ڈاکٹروں سے خواہش کی ۔