مریخ مشن کی کامیابی پر اسرو ٹیم کو مبارکباد

ڈائرکٹر نہرو پلانیٹوریم اروند پرانجپائی کی سیاست سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹر اروند پرانجپائی ڈائرکٹر نہرو پلانیٹوریم ممبئی نے آج اسرو ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسرو نے پہلے مرحلے میں ہی مریخ مشن کی کامیابی کو حاصل کیا ہے جب کہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے ۔ ممبئی سے سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر اروند پرانجپائی نے کہا کہ چاند پر نیل آرمسٹرانگ کے قدم پڑنے پر وہ جذباتی ہوگئے تھے اور اپنی زندگی کا دھارا آسٹرو فزکس کی جانب موڑ دیا تھا اور اب اسرو کے کامیاب مریخ مشن کی کامیابی پر ہندوستان میں کئی بچے اور طلبہ اپنے کیرئیر کے لیے سائنس کاانتخاب کریں گے ۔ ڈاکٹر بی جی سدھارتھ ڈائرکٹر بی ایم برلا سائنس سنٹر حیدرآباد نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مریخ مشن نے سات سو ملین کلومیٹر کا کامیاب سفر طئے کیا ۔ انہوں نے اسرو ٹیم کو اس کامیابی کے لیے مبارکباد دی اور کہا کہ ہندوستان نے اس کامیابی کو پہلے مرحلے میں حاصل کیا جب کہ امریکی یوروپی ، روسی ، فلائی ایجنسیاں ، اس میں ناکام ثابت ہوگئی تھیں ۔ انہوں نے منگلیان کی کامیابی کو ہندوستانی سائنسدانوں کی زبردست کامیابی قرار دیا جس سے ساری دنیا میں ہندوستانی سائنسدانوں کا سرفخر سے اونچا ہوچکا ہے ۔۔