برلن۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے آج مختلف موضوعات پر دو رخی، علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جن میں بریگزیٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، تجارت اور دہشت گردی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں یوروپ میں دہشت گردی کے جو واقعات رونما ہوئے ہیں، اس پر دونوں ہی قائدین سے تشویش کا اظہار کیا۔ برلن کے قریب چانسلر کی سرکاری آرام گاہ پر دونوں قائدین کی ملاقات ہوئی تھی جہاں انہوں نے دیگر موضوعات کے علاوہ چین کے ’’ون بیلٹ‘ ون روڈ‘‘ اور موسمی تغیر کے موضوعات پر بھی باہم تبادلہ خیال کیا۔ مرکل سے ملاقات کے بعد نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پر اس ملاقات کو بے حد کارآمد بتایا اور کہا کہ چانسلر مرکل کے ساتھ وہ (مودی) تقریباً تین گھنٹہ رہے جہاں دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد جیسے اسمارٹ سٹیز، اِسکل ڈیولپمنٹ، صاف ستھری توانائی جیسے موضوعات زیربحث آئے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمن چانسلر نے ہندوستان کے معاشی اصلاحات ایجنڈہ بشمول جی ایس ٹی (گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس) کی ستائش کی۔ جرمنی میں متعینہ ہندوستانی سفیر مکتا دتہ تومر نے اس سلسلے میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھی وزیراعظم اور مرکل کے درمیان ہوئی بات چیت کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ 2015ء سے اب تک مودی کا یہ دوسرا دورۂ جرمنی ہے۔
مودی کیلئے عشائیہ کا اہتمام
جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے مودی کے اعزاز میں اعشائیہ کا اہتمام کیا جو برلن کے باہر پرفضاء مقام پر واقع میسے برگ میں ترتیب دیا گیا تھا۔