صنعتی نمائش کے متاثرین کو معاوضہ کا مطالبہ، تلگو دیشم قائد چندر شیکھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم فروری (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی کے سینئر قائد اور پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت کے عبوری بجٹ میں ریاستوں کے مفادات کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ مودی حکومت کا بجٹ محض انتخابات کو پیش نظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں مرکزی حکومت نے عوام کیلئے مختلف مسائل پیدا کئے ۔ نوٹ بندی سے عوام کو بھاری نقصان ہوا لیکن مرکزی حکومت نے نقصانات کا جائزہ تک نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں وزیراعظم نریندر مودی کی تائید اور تعریف پر توجہ مرکوز کی گئی لیکن عوام کی بھلائی پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مرکز نے نوٹ بندی کے نقصانات پر آج تک کوئی جائزہ اجلاس منعقد نہیں کیا۔ جی ایس ٹی کے سبب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوا لیکن ان میں کمی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے قیمتوں میں اضافہ پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں حکومت نے کئی بلند بانگ دعوے کئے ہیں لیکن آندھراپردیش کی تقسیم کے وقت جو وعدے کئے تھے ، ان کی تکمیل پر توجہ نہیں دی گئی ۔ آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف اور تلنگانہ کیلئے قبائلی یونیورسٹی اور ریلوے کوچ فیکٹری جیسے وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ کل ہند صنعتی نمائش میں پیش آئے واقعہ کو لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ آتشزدگی کے موقع پر ایک فائر انجن موجود تھا لیکن اس میں پانی نہ ہونے کی شکایت ملی ہے۔ نمائش میں حادثات کی روک تھام کیلئے کوئی احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے متاثرہ تاجروں کو معاوضہ کی ادائیگی اور ہر طرح سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ چندر شیکھر ریڈی نے اس واقعہ کی تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔