مرکز کی پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالرشپ کا اعلان

آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 30 ستمبر
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کی پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس برائے سال 2018-19 اسکالرشپ کیلئے آن لائین درخواستوںکے ادخال کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید کے مطابق فریش امیدوار اور رینیول کے امیدوار دونوں کیلئے آن لائین رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ پری میٹرک اسکالرشپ کے تحت پہلی تا 10 جماعت کے طلبہ کو اسکالرشپ منظور کی جاتی ہے۔ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے تحت 11 ویں جماعت تا پی ایچ ڈی کے ایسے طلبہ جو سرکاری یا مسلمہ خانگی کالجس میں تعلیم حاصل کر رہے ہوں درخواست دے سکتے ہیں۔ آئی ٹی آئی اور آئی ٹی سی جیسے ٹکنیکل کورسس کے امیدوار بھی درخواست داخل کرنے کے اہل ہیں۔ میرٹ کم مینس اسکالرشپ کے تحت انڈر گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ ، ٹکنیکل اور پروفیشنل کورسس کے امیدوار اہل ہوں گے۔ پوسٹ میٹرک میرٹ کم مینس کیلئے امیدوار کو عہدیدار مجاز کی جانب سے جاری کردہ انکم سرٹیفکٹ پیش کرنا لازمی ہوگا جبکہ پری میٹرک اسکالرشپ کیلئے سیلف ڈکلیریشن کافی رہے گا۔ تینوں اسکالرشپ کیلئے صرف آن لائین درخواستیں قابل قبول رہیں گی۔ پری میٹرک اسکالرشپ کیلئے پہلی تا پانچویں جماعت سالانہ ایک ہزار روپئے جبکہ چھٹویں تا دسویں جماعت 5000 روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ انٹرمیڈیٹ اور پی جی سطح پر سالانہ 6000 روپئے جبکہ میرٹ کم مینس کے تحت ٹکنیکل اور پروفیشنل کورسس کے لئے سالانہ 25000 روپئے اسکالرشپ دی جاتی ہے۔ تمام اہل طلبہ نیشنل اسکالرشپ پورٹل حکومت ہند پر www.scholarships.gov.in پر آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ www.minorityaffairs.gov.in پر لنک دستیاب ہے۔ طلبہ کو تمام دستاویزات اسکیان کرتے ہوئے اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ ضلع عہدیدار کو دستاویزات کی ہارڈ کاپی فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کے بعد ایڈٹ آپشن نہیں رہے گا۔ ریاستوں کو دیئے گئے نشانہ کے مطابق حکومت ہند اسکالرشپ منظور کرتی ہے۔