گورنمنٹ پرنٹنگ پریس میں عالمی یوم مزدور تقریب، سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی (سیاست نیوز) مرکز میں نریندر مودی حکومت کیاقتدار میں آنے کے بعد سے قومی سطح پر مزدور طبقے کی حق تلفیوں کے واقعات میں شدت کے ساتھ اضافہ ہواہے ۔ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس مزدور یونین کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی یوم مزدور سے صدارتی خطاب کے دوران سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ جنرل سکریٹری گورنمنٹ پرنٹنگ پریس یونین رویندر راؤ ، کنوینر سہادیور برانچ سکریٹری یونس احمد کے علاوہ یونین کے سینکڑوں کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کو مزور طبقے کے ساتھ ناانصافی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ ورکنگ کلاس طبقے کی طاقت کا مودی حکومت کو اندازہ نہیں ہے ، اسلئے وہ ورکنگ کلاس طبقے کے مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے کارپوریٹ طبقے کی خوشنودی حاصل کر رہی ہے۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ صرف گیارہ فیصد ووٹ حاصل کرنے کے بعد اقتدار میں آنے والی مودی حکومت کو ورکنگ کلاس طبقہ کے متعلق اپنی رائے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ورنہ آنے والے دنوں میں ملک کی معیشت کی باگ ڈور سنبھالنے والا ورکنگ کلاس طبقے نریندر مودی حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجادے گا۔ انہوں نے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کے ملازمین کے ساتھ متعلق انتظامیہ کے جاری متعصبانہ رویہ پر بھی برہمی کا اظہار کیا ۔ ا نہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر لیبر اس سے ضمن میں شکایت کی گئی ہے ۔ ناواجبی وجوہات کی بناء پرملازمین کو برطرف کردینا اور ان کے انکریمنٹس روکنا قابل افسوس اقدام ہے۔ انہوں نے متعلقہ کمشنر سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے معطل یونس احمد کے خدمات کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ قبل ازیں عزیز پاشاہ نے اے آئی ٹی یو سی کی پرچم کشائی انجام دیتے ہوئے مئی ڈے تقریب کا آغاز کیا۔