مرکز کیخلاف انا ڈی ایم کے کی بھوک ہڑتال

کاویری تنازعہ پرمرکز کی عرضی سپریم کورٹ میں 9 اپریل کو سماعت
چینائی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پلانی سامی نے سپریم کورٹ کے احکام کی مطابقت میں کاویری انتظامی بورڈ قائم نہ کرنے پر مرکز کی مذمت کے لئے انا ڈی ایم کے ارکان کے ساتھ ایک روزہ بھوک ہڑتال کی۔ پلانی سامی آج سب سے پہلے برت کے مقام چپاؤک پہونچے ان کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر او پنیرسلوم پہونچے۔ انا ڈی ایم کے کے ان دو سرکردہ قائدین کی آمد نے سب کو حیرت میں ڈال دیا کیوں کہ قبل ازیں اعلان کیا گیا تھا کہ یہ دونوں قائدین بھوک ہڑتال میں حصہ نہیں لیں گے۔ ان دونوں کے نام ضلع واری اساس پر تیار شدہ فہرستوں میں شامل نہیں کئے گئے تھے۔ انا ڈی ایم کے نے ایک بیان میں کہاکہ کاویری انتظامی بورڈ کے عدم قیام پر مرکزی حکومت کی مذمت کیلئے یہ بھوک ہڑتال کی جارہی ہے۔ سپریم کورٹ نے آج اتفاق کرلیا کہ کئی دہوں سے جاری آبی تقسیم کے تنازعہ میں کاویری مینجمنٹ اسکیم کی تشکیل سے متعلق 16 فبروری کے فیصلے کے بارے میں مرکز کی وضاحت طلب کرنے والی عرضی پر سماعت کی جائے گی ۔ چیف جسٹس دیپک مصرا اور جسٹس اے ایم کھانویلکر اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی بنچ نے مرکزی حکومت کی عرضی پر سماعت 9 اپریل کو مقرر کردی جبکہ حکومتی کونسل نے کاویری مینجمنٹ اسکیم کی تشکیل کے مسئلہ پر متعلقہ ریاستوں کی مختلف آراء کا تذکرہ کیا ۔ مرکز کے کونسل وسیم قادری نے اس عرضی کی فوری سماعت چاہی لیکن بنچ نے کہاکہ ہم اس معاملے سے ٹاملناڈو کی عرضی کے ساتھ 9 اپریل کو نمٹیں گے ۔