نئی دہلی ۔ 8 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج مرکز سے کہا کہ کاویری کے پانی کی تقسیم کے لئے اُس کی ہدایت پر عمل نہ کرنا صریح تحقیر عدالت ہے ۔ فاضل عدالت نے اس دریا سے تعلق رکھنے والی جنوبی ریاستوں ٹاملناڈو ، کرناٹک ، کیرالا اور مرکزی زیرانتظام علاقہ پوڈوچیری کے درمیان اس کے پانی کی تقسیم کے لئے اسکیم وضع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ اعلیٰ عدالت نے مرکزی وزارت آبی وسائل کے سکریٹری کو ہدایت دی کہ 14 مئی کو عدالت میں شخصی طورپر حاضر ہوں اور کاویری مینجمنٹ اسکیم کا مسودہ پیش کریں تاکہ اس کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے چاروں ریاستوں بشمول ٹاملناڈو اور کرناٹک کے درمیان پانی کی تقسیم کو پرسکون انداز میں یقینی بنایا جاسکے۔ عدالت نے فبروری میں مرکز سے کہا تھا کہ ایک اسکیم وضع کرتے ہوئے کئی دہوں سے جاری کاویری تنازعہ پر اس کے فیصلے کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔ چیف جسٹس دیپک مصرا کی زیرقیادت بنچ نے مرکز سے کہا کہ جب اس مسئلہ پر فیصلہ جاری کیا جاچکا تو اس پر عمل آوری کرنا ہوگا ۔