مرکز میں یو پی اے برسر اقتدار آئے گی: جگا ریڈی

میں اتم کمار ریڈی کا وفادار رہوں گا، قیادت میں تبدیلی کا امکان نہیں
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں مرکز میں یو پی اے برسر اقتدار آئے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کی طرح بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوگی اور یو پی اے کے اقتدار کے امکانات زیادہ ہیں۔ جگن ، چندرا بابو نائیڈو اور کے سی آر کیلئے مرکز میں کوئی خاص رول نہیں رہے گا ۔ جگا ریڈی نے پردیش کانگریس کی قیادت میں تبدیلی کے مسئلہ پر کہا کہ انتخابی نتائج سے قیادت میں تبدیلی کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں پردیش کانگریس کمیٹی نے کافی محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی اگر پارٹی قیادت چھوڑدیں تو الگ بات ہے لیکن اے آئی سی سی کی جانب سے کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی کی قیادت چھوڑنے کی صورت میں ریونت ریڈی ، سریدھر بابو ، کومٹ ریڈی برادرس اور پونم پربھاکر جیسے قائدین مضبوط دعویدار ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ اتم کمار ریڈی کے وفادار کی طرح کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی نے ٹکٹ کیلئے کسی سے رقم حاصل نہیں کی۔ وہ خود قرض میں مبتلا ہیں۔ کانگریس رکن اسمبلی نے مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کی امید ظاہر کی اور کہا کہ کانگریس امیدواروں نے سخت مقابلہ کیا ہے ۔ متحدہ میدک ضلع میں 20 تا 25 زیڈ پی ٹی سی نشستوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ پہلے مرحلہ کے انتخابات میں کانگریس 60 تا 70 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے نتائج برسر اقتدار پارٹی کے حق میں ہوتے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ نتائج کا مجالس مقامی کے انتخابات پر کوئی اثر دکھائی نہیں دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں کو کانگریس پارٹی گاؤں کی سطح تک لے جانے میں ناکام رہی ہے۔ اس کے باوجود مجالس مقامی میں کانگریس نے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔