مرکز‘ مشن کاکتیہ کو دوسری ریاستوں میں شروع کرنے کوشاں‘ ہریش راؤ

حیدرآباد 4 اپریل ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آج ایک مرکزی ٹیم کو ریاستی حکومت کے مشن کاکتیہ پروگرام سے مطلع کیا اور کہا کہ یہ پروگرام عوام ‘سیاسی قائدین اور ملازمین کی شمولیت سے کافی کامیاب رہا ہے ۔ ہریش راؤ نے مرکزی ٹیم کے عہدیداروں کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا ۔ یہ ٹیم ریاست کے دو روزہ دورہ پر ہے تاکہ ریاست میں جھیلوں و تالابوں کی بحالی کے پروگرام کا جائزہ لیا جاسکے ۔ مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی نے یہ ٹیم تلنگانہ کو روانہ کی ہے اور وہ اس پروگرام کو دوسری ریاستوں میں بھی شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تالابوں ‘ جھیلوں اور کنٹوںکی بحالی کا کام انتہائی شفاف انداز میں کیا جا رہا ہے تاکہ اس میں کسی طرح کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو روکا جاسکے ۔ اس پروگرام میں کاموں کی تفصیل ‘ بلوں کی ادائیگی ‘ ٹنڈرس اور دوسرے کاموں کو آن لائین کردیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کے آغاز سے قبل چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اس پر تفصیلی غور و خوض کیا تھا اور پھر انہوں نے ریاست میں 46,000 جھیلوں کو بحال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ دیہی معیشت کو مستحکم کیا جاسکے ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ اس پروگرام کے دو مرحلے مکمل ہوچکے ہیں اور تیسرے مرحلہ کو مشن کے انداز میں شروع کیا گیا ہے ۔ اس میں اراضیات کے معائنہ ہو رہے ہیں اور تالابوں کے پیٹ سے نکالی جانے والی مٹی کو کھیتوں میں ڈالا جا رہا ہے جس سے کاشت میں بھی مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ امیر افراد کے علاوہ ملازمین ‘ غیر مقیم ہندوستانیوں اور کچھ صحافیوں نے بھی اپنے گاووں میں جھیلوں کی ذمہد اری قبول کی ہے اور انہیں بحال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اس مشن کی کامیابی کیلئے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کی ستائش کی اور کہا کہ یہ عہدیدار 16 تا 18 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ ان عہدیداروں کی جدوجہد سے یہ پروگرام کامیاب ہو رہا ہے ۔