نجمہ ہپت اللہ اور سمرتی ایرانی کو بھی جناب زاہد علی خاں کے مکتوب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مرکز کی جانب سے اقلیتوں ، درج فہرست ذاتوں اور قبائلی طلباء کے لیے جاری کی جانے والی پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم اسکالر شپ کی عدم اجرائی پر وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب لکھ کر پر زور نمائندگی کی ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ وزیر اقلیتی امور محترمہ نجمہ ہپت اللہ اور وزیر فروغ انسانی وسائل شریمتی سمرتی ایرانی کو بھی مکتوبات روانہ کئے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے مکتوب میں مرکزی حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے کہ مالیاتی سال کے گذر جانے کے بعد بھی مسلم طلباء ، اقلیتوں ایس سی ایس ٹی کے لیے دی جانے والی اسکالر شپس ہنوز جاری نہیں کی گئی ہے ۔ قومی اسکالر شپ کی اجرائی میں تاخیر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم سے مخاطب ہو کر جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ فنی نکتہ نظر سے اسکالر شپس کی اجرائی میں بڑی رکاوٹ پیدا ہورہی ہے ۔ اس خصوص میں اگر ضروری کارروائی نہیں کی گئی تو اس سے نہ صرف طلباء برادری پر منفی اثر پڑے گا بلکہ آپ کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان لگ جائے گا ۔ طلباء کی زندگی اور تعلیمی مستقبل پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر اسکالر شپ کی بروقت اجرائی میں کوتاہی سے کام لیا گیا تو حکومت کے تعلق سے عوام کے اندر جو منفی امیج پیدا ہوا ہے اس میں مزید اضافہ ہوگا ۔۔