مرکز ، اُڈیشہ ۔چھتیس گڑھ مہاندی تنازعہ حل کرے گا

نئی دہلی۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)آبی وسائل، ندیوں کی ترقی اور گنگا کے تحفظ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے چھتیس گڑھ میں مہاندی پر بنائے گئے 6 کم صلاحیت والے بیراجوں کے مسئلے پر اڈیشہ کے اعتراضات کو دور کرنے کا بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ وہ بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالیں اور اڈیشہ کو مطلوبہ مقدار میں پانی بھی دلائیں گے ۔ گڈکری نے یہاں لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بیجو جنتا دل کے ایم پی ناگیندر کمار کے ضمنی سوال کے جواب میں یہ بھروسہ دلایا۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں جو بیراج بنائے گئے ہیں، وہ 2,000 ہیکٹر سے کم صلاحیت والے ہیں اور اس وجہ سے ان کی تعمیر کیلئے مرکزی آبی کمیشن کی اجازت لینا ضروری نہیں ہے ۔ اس بارے میں چھتیس گڑھ نے مرکز سے کوئی اجازت نہیں لی ہے ۔ اسی طرح سے اڈیشہ نے بھی ریاست میں چھوٹے بیراجوں کی تعمیر کیلئے کوئی اجازت مرکز سے نہیں لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک اڈیشہ کی ضرورت کا سوال ہے تو ایک بار اڈیشہ حکومت ان کی وزارت سے رجوع کرے ، تو چھتیس گڑھ حکومت کو بھی بلا کر دونوں ریاستوں کے درمیان تنازع کا قابل قبول حل نکال لیا جائے گا۔