تلگودیشم میں شمولیت سے اطمینان، جے سی دیواکر ریڈی ایم پی کا ادعا
حیدرآباد /4 ستمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ جے سی دیواکر ریڈی نے مرکزی کابینہ میں عدم شمولیت پر ناراض نہ ہونے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلگودیشم میں شامل ہونے کے بعد مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع اننت پور کے عوام نے انھیں لوک سبھا کے لئے منتخب کیا ہے، لہذا وہ آندھرا پردیش بالخصوص اننت پور کی ترقی میں چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے مکمل تعاون کریں گے۔ مرکزی وزارت میں عدم شمولیت پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ناراضگی کے بارے افواہ پھیلائی جا رہی ہے، جس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ تلگودیشم اور بی جے پی میں اتحاد ہے، لہذا مرکزی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو اور وزیر اعظم نریندر مودی پر منحصر ہے۔ انھوں نے پارلیمنٹ اسٹانڈنگ کمیٹی کے صدر نشین کی حیثیت سے نامزد کرنے پر چندرا بابو نائیڈو اور نریندر مودی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انھیں جو بھی ذمہ داری دی گئی ہے، وہ اس کو بخوبی نبھائیں گے۔ جے سی دیواکر ریڈی نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ماضی میں مرکزی وزارت میں شامل ہونے کی صدر تلگودیشم سے خواہش ظاہر کی تھی، تاہم مرکزی وزارت نہ ملنے پر کبھی ناراضگی نہیں ظاہر کی۔ انھوں نے آندھرا پردیش کا نیا دارالحکومت وجے واڑہ کو بنانے کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رائلسیما کی ترقی کے لئے چیف منسٹر آندھرا پردیش نے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے۔