نئی دہلی 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی ٹریڈ یونینوں نے آج کہاکہ وہ 2 ستمبر کو ایک روزہ ملک گیر ہڑتال کریں گی۔ تاکہ لیبر قوانین میں یکطرفہ ترمیمات کے خلاف اپنا احتجاج درج کرواسکیں۔ یہ ترمامات ان کے 12 نکاتی چارٹر مطالبات کے برعکس ہے۔ قومی کنونشن میں ان ٹریڈ یونینوں نے 2 ستمبر 2016 ء کو ملک گیر ایک روزہ ہڑتال کی اپیل کی۔ اس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ سنٹرل ٹریڈ یونینوں کے قائدین نے اس کنونشن میں شرکت کی اور مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے۔ اس گروپ میں آل انڈیا یونینوں کا اتحاد بھی شامل ہے۔ ان میں آئی این آئی یو سی، اے آئی ٹی یو سی، ایچ ایم ایس، سی آئی ٹی یو، اے آئی یو ٹی یو سی، ٹی یو ایس سی، ایس ای ڈبلیو اے، اے آئی اے سی ٹی یو، یو ٹی یو سی اور ایل پی ایف شامل ہیں۔ تاہم آر ایس ایس سرپرستی والی یونین بھارتیہ مزدور سنگھ نے اس کنونشن میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی اعلامیہ پر دستخط کئے ہیں۔