عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاج میں راہول گاندھی مدعو، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ جے اے سی کے صدرنشین کودنڈارام کی جانب سے سیاسی جماعت تشکیل دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل پر احتجاج کررہے ہیں اور کانگریس پارٹی ان کی مکمل حمایت کررہی ہے۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں نے تعلیمی نظام کو ٹھپ کرکے رکھ دیا ہے، جس کے خلاف کانگریس پارٹی احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ کا احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو مدعو کیا جائے گا۔ گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صدرنشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈارام کی جانب سے نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کی کوئی امید نہیں ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی کامیاب مہم چلانے والے کودنڈارام علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد عوامی مسائل پر تحریک چلاتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کررہے ہیں۔ سیاست میں قسمت آزمانے کی خواہش رکھنے والے چند افراد ان پر نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کا دباؤ ڈال رہے ہیں، لیکن وہ نہیں سمجھتے کہ کودنڈارام اس کیلئے اپنی رضامندی کا اظہار کریں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے اور ریاست کی ٹی آر ایس حکومت نے نظم و نسق کو پوری طرح کنگال بنادیا ہے۔ دونوں ہی حکومتوں کے خلاف کانگریس پارٹی اپنی احتجاجی مہم میں شدت پیدا کرے گی۔ تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین اور طلبہ کے مفادات کو یکسر نظرانداز کردیا۔ بغیر کسی منصوبہ بندی کے کام کرتے ہوئے نظم و نسق کو جہاں نقصان پہنچایا جارہا ہے وہیں تعلیمی نظام کو بڑے پیمانے پر نقصان اتھل پتھل کیا جارہا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ دیہی اور شہری علاقوں میں سرکاری اسکولس کو بند کرتے ہوئے غریب طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے سے محروم کیا جارہا ہے اور محکمہ تعلیم کو مختص کردہ بجٹ کی اجرائی سے انکار کیا جارہا ہے۔ لاکھوں طلبہ کی فیس ریمبرسمنٹ بقایا جات جاری نہ کرتے ہوئے ان کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ سنہرے تلنگانہ کے نام پر ریاست میں لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے۔ اقتدار ایک ہی خاندان کے اردگرد گھوم رہا ہے۔ ریاستی حکومت اساتذہ کے مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کرنے کے بجائے بی ایڈ، ڈی ایڈ کورسیس کو ختم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کے مسائل کے خلاف کانگریس پارٹی احتجاجی مہم شروع کرے گی۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں ایک احتجاجی جلسہ منعقد کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو مدعو کیا جائے گا۔