حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیرداخلہ مسٹر ہنس راج گنگارام اہیر نے پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہونچ کر معائنہ کیا اور وہاں ٹیکنالوجی کی تفصیلات حاصل کئے۔ مرکزی وزیر نے پنجہ گٹہ کے علاوہ ریاست کے دیگر پولیس اسٹیشنس کی نمایاں کارکردگی کی ستائش کی اور کہاکہ وہ بیسٹ پولیس اسٹیشن ایوارڈ حاصل کرنے والے پولیس اسٹیشنس کا معائنہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں سی سی ٹی وی ٹیکنالوجی کے علاوہ سائیکل پولیسنگ کو متعارف کرنے کے نتیجہ میں جرائم میں قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم کی پولیسنگ پالیسی کو ریاست کے کارگذار چیف منسٹر کی مدد حاصل ہے۔ مرکزی وزیر ہنس راج گنگارام اہیر نے ریاست کے ڈی جی پی مہندر ریڈی اور دیگر پولیس عہدیداروں کی جانب سے پولیس مشنری میں عصری ٹیکنالوجی کے استعمال اور جرائم میں روک تھام کے اقدامات کیلئے اُن کی ستائش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں گزشتہ چار برسوں میں خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کے ماڈل پولیس اسٹیشنس کے طرز پر ملک کے دیگر پولیس اسٹیشنس کو عصری بنایا جائے گا۔