مرکزی وزیرداخلہ پولیس کی جدید کاری کیلئے دگنے بجٹ کے خواہاں

نئی دہلی ۔13 جون (سیاست ڈاٹ کام) پولیس اور نیم فوجی فورسیس کو عصری ہتھیاروں سے آراستہ کرنے اور پولیس و نیم فوجی فورس کی جدید کاری کیلئے مرکزی وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہیکہ بجٹ میں دگنی رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا جائے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج عہدیداروں سے ملاقات کرکے ان مسائل پر تبادلہ خیال کیا جن کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران راجناتھ سنگھ نے اپنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موجودہ بجٹ 1500 کروڑ روپئے جو پولیس کی جدید کاری کیلئے مختص کیا گیا ہے، مالی سال کے دوران دگنا کرنے کی تجویز تیار کریں۔ راجناتھ سنگھ قبل ازیں بھی مختلف دیگر مسائل کا احیاء کرچکے ہیں جن کا تعلق صیانتی فورسیس سے ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تربیت معیاری ہو اور مرکزی مسلح افواج کے مساوی جدید ترین ہتھیار پولیس اور نیم فوجی فورسیس کو بھی سربراہ کئے جائیں۔

بہار : ایک شخص کی انگلیاں قطع
سمستی پور۔ /13جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک صدمہ انگیز واقعہ میں ایک شخص پر حملہ کرکے اس کی تمام 10انگلیاں کاٹ دی گئیں۔ تین مسلح حملہ آوروں نے بہار کے ضلع سمستی پور میں اس کے گھر پر حملہ کیا تھا۔بتھان پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج سدھیر کمار رجک نے کہا کہ یہ واقعہ کل رات پیش آیا۔ تین مسلح افراد نے سنی چارا دیہات میں بھوشن یادو کے مکان پر حملہ کیا اور اسے بیدردی سے زدوکوب کیا اور ایک تیز دھاری ہتھیار سے اس کی تمام دس انگلیاں کاٹ دیں۔ حملہ آور بعد ازاں یادو کو اس کے گھر کے دروازے پر زندگی اور موت کی جدوجہد میں مبتلا چھوڑ کر چلے گئے۔ اسے بعد ازاں حسن پور کے سرکاری ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ جہاںاس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ایک حملہ آور گرفتار کرلیا گیا ہے اور باقی کی تلاش جاری ہے۔