مرکزی وزارت میں شمولیت کی اطلاعات بے بنیاد

ٹی آر ایس ایم پی نظام آباد کے کویتا کا تردیدی بیان
حیدرآباد۔/19فبروری، ( سیاست نیوز ) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے مرکزی کابینہ میں شمولیت کے مسئلہ پر بی جے پی سے مذاکرات کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی مرکزی کابینہ میں شمولیت سے متعلق اطلاعات صرف قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ بی جے پی سے اس سلسلہ میں انہوں نے کوئی مذاکرات نہیں کئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکز سے زائد فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی سلسلہ میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر مرکزی وزراء سے ملاقات کی۔ کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر کی وزیر اعظم سے ملاقات کو بعض گوشوں کی جانب سے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاستوں کی ترقی میں تعاون کرے اسی مقصد کے تحت تلنگانہ حکومت مرکز سے مختلف شعبوں میں فراخدلانہ تعاون حاصل کرنے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوقائم شدہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکز کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مرکزی کابینہ میں ٹی آر ایس کی شمولیت اور بی جے پی کو ریاستی کابینہ میں جگہ دینے کا کوئی امکان نہیں۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کی گئی ہے۔ پارلیمنٹ کے مجوزہ سیشن میں ٹی آر ایس اس مسئلہ پر جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے باوجود علحدہ ہائی کورٹ کے قیام میں تاخیر سے وکلاء اور عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ کویتا نے تلنگانہ جدوجہد میں وکلاء کے اہم رول کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت وکلاء کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔