مرکزی ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں کٹوتی کی تجویز نہیں

نئی دہلی۔/18ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت نے آج کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی حد عمر کو60سے 58سال تک گھٹادینے کی تجویز نہیں ہے جبکہ سرکاری ملازمین کے جملہ مصارف ایک لاکھ کروڑ میں سے 78فیصد رقومات 3اہم محکموں ریلوے، داخلہ اور دفاع ( سیول ) پر خرچ کئے جاتے ہیں۔راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب دیتے ہوئے مملکتی وزیر پرسونل، عوامی شکایات اور وظائف مسٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ 1997 میں پانچویں پے کمیشن کی سفارش پر مرکزی حکومت کے ملازمین کی حد عمر میں 58سال سے 60سال تک اضافہ کیا گیا ہے ۔

2کروڑ مالیتی سگریٹ کارٹونس لوٹ لینے کا واقعہ
نواڈا۔/18ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع نواڈا میں کل شب بدمعاشوں نے کولکتہ جانے والی ایک لاری کو زبردستی ویران مقام پر لے جاکر 2کروڑ روپئے مالیتی سگریٹ کے کارٹونس ( ڈبے ) لوٹ لیئے۔ لاری کا جس مقام سے اغوا کیا گیا تھا وہاں سے چند کلو میٹر دور ایک خالی ٹرک اور اس کا ڈرائیور زخمی حالت میں پایا گیا۔ دیہاتیوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ راجولی سب ڈیویژنل پولیس آفیسر سیف الرحمن نے بتایا کہ یہ ٹرک مونگیر سے کولکتہ جارہا تھا ۔