ملک کے تمام اہم محکموں کا مستقبل خطرے میں ، تعلیمی اداروں میں میرٹ لسٹ کو نظرانداز کرنے کی سازش
نئی دہلی۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج زور دے کر کہا کہ ملک کے اہم محکموں کا مستقبل خطرے میں ہے۔ ان محکموں میں آر ایس ایس کے پسندیدہ عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا جارہا ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں تعلیمی ادارہ جات یا یو پی ایس سی جیسے محکموں کا کنٹرول آر ایس ایس کے منتخب عہدیداروں کے ہاتھوں میں سونپ دیا جائے۔ سیول سرویس انتخابات میں میرٹ لسٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی سازش کرتے ہوئے یہاں آر ایس ایس ذہنیت کے عہدیداروں کو لایا جارہا ہے۔ راہول گاندھی نے یہ پیام ٹوئٹر پر لوڈ کیا ہے۔ اس پیام کے سامنے آنے سے قبل یہ تجویز منظر عام پر آئی تھی کہ آل انڈیا امتحان کامیاب کرنے والے امیدواروں کو سرویس مختص کرنے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لائی جارہی ہیں۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں طلبہ کو بیدار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ طلبہ اب بیدار ہوجائیں۔ آپ کا مستقبل تاریک ہونے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس چاہتی ہے کہ آپ کے مستقبل کو تاریک بنادیا جائے۔ آپ کا درست حق کیا ہے، اسے نظرانداز کردیا جائے۔ اس حکومت کے مکتوب سے یہ انکشاف ہوتا ہے کہ وزیراعظم مودی کا مقصد یہ ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ مرکز کے اقدامات میں آر ایس ایس کے پسندیدہ آفیسرس کو مقرر کیا جائے۔ میرٹ لسٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے غیرمیرٹ طلباء کو عہدے دیئے جارہے ہیں۔ امتحان میں رینک حاصل کرنے والے طلباء کو موقع نہیں ملے گا۔ اس سلسلے میں پی ایم کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر مشتمل وزارت پرسونل کی جانب سے جاری کردہ مکتوب کی ایک نقل کو راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں لوٹ کیا ہے جس کا عنوان ’’ہاش ٹیاگ "Bye Bye UPSC” ہے۔ اس اکاؤنٹ ٹوئٹر پیام کے ذریعہ راہول گاندھی نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ انہیں وزیراعظم کے دفتر کے منصوبوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ وزیراعظم کا دفتر صرف آر ایس ایس کے پسندیدہ عہدیداروں کے تقرر پر غور کررہا ہے۔ سیول سرویس امتحانات کی بنیاد پر منتخب وزراء کے لئے تقررات عمل میں لانے سے متعلق میرٹ لسٹ میں چھیڑ چھاڑ ہورہی ہے۔ اس سے پہلے بھی راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنی وزارت میں مبینہ ترمیمات لائی ہیں اور وہ انڈین ایڈمنسٹریٹیو سرویس کے کیڈرس کے تبادلیل کے طریقہ کار کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے اس کی تجویز کو منظوری دی جاتی ہے تو سرکاری محکموں میں کیڈر تقررات کا طور طریقہ ہی تبدیل ہوجائے گا۔ موجودہ طریقہ کار سے مطابق جو امیدوار یو پی ایس سی سیول سرویس امتحان کامیاب ہوتا ہے اس کو انڈین ایڈمنسٹریٹیو سرویس میں لیا جاتا ہے لیکن اب اس میں تبدیلی لائی گئی ہے۔