صدر جمہوریہ ، نائب صدر ، وزیراعظم اور وزیر اقلیتی امور نے 300 نشستیں تقسیم کیں
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کیلئے صدر جمہوریہ ، نائب صدر ، وزیراعظم اور وزیر اقلیتی امور کے اختیاری کوٹہ سے 300 نشستوں کو منظوری دی گئی ، ان میں تلنگانہ کیلئے 34 نشستیں شامل ہیں ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے سرکاری کوٹہ کی اجرائی کی تفصیلات بتائی ہے۔ صدر جمہوریہ کے اختیاری کوٹہ سے 100 جبکہ نائب صدر اور وزیراعظم کے کوٹہ سے فی کس 75 اور وزیر اقلیتی امور کے خصوصی کوٹہ سے 500 نشستیں منظور کی گئیں۔ منظورہ کور نمبرس کے عازمین حج دونوں قسطوں کی جملہ دو لاکھ ایک ہزار روپئے کی رقم سنٹرل حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں 10 مئی سے قبل جمع کردیں۔ انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنا اوریجنل پاسپورٹ ایک فوٹوگراف کے ساتھ متعلقہ حج کمیٹی میں جمع کردیں۔ اس کے ساتھ رقم کی ادائیگی سے متعلق پے سلپ اور فٹنس سرٹیفکٹ کی کاپی جمع کی جائے۔ ریاستی حج کمیٹی موصولہ پاسپورٹ اور دیگر تفصیلات 15 مئی تک سنٹرل حج کمیٹی میں داخل کردے گی ۔ صدر جمہوریہ کے اختیاری کوٹہ سے منظورہ 100 نشستوں میں تلنگانہ کی 5 نشستوں کو منظوری دی گئی۔ نائب صدر جمہوریہ نے تلنگانہ کیلئے 26 نشستوں کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم نے صرف ایک کور نمبر کو تلنگانہ کیلئے منظوری دی جن میں تین عازمین حج شامل ہیں۔ وزیر اقلیتی امور نے 50 نشستوں کے خصوصی کوٹہ کی جو منظوری دی ، ان میں تلنگانہ شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے زیادہ تر مہاراشٹرا ، دہلی ، ہریانہ ، کیرالا ، گجرات ، جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ کے عازمین کیلئے خصوصی کوٹہ الاٹ کیا۔ خصوصی کوٹہ کی 34 نشستوں کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ حج کمیٹی کے حکام منتخب عازمین کو اطلاع دیں گے۔