مرکزی حکومت کے خلاف تلگودیشم کی تحریک اعتماد کامیابی کی ضامن

اننت کمار کے ریمارکس پر تنقید ، نارائینا وزیر بلدی نظم و نسق اے پی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ /18 جولائی (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات آندھراپردیش نارائینا نے لوک سبھا میں مرکزی حکومت کے خلاف تلگودیشم پارٹی کی جانب سے پیشکردہ تحریک عدم اعتماد کو اسپیکر لوک سبھا شریمتی سمترا مہاجن نے مباحث کیلئے قبول کرلینے پر تلگودیشم کی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے آج اپنی مسرت کا اظہار کیا اور مسٹر اننت کمار کے ان ریمارکس پر کہ ’’دودھ کا دودھ ۔ پانی کا پانی ‘‘ کو واضح کردینے پر سخت تنقید کی اور کہا کہ خود تلگودیشم اس کام کو لوک سبھا میں کردکھائے گی ۔ وزیر نے مزید کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پر مباحث میں تلگودیشم پارٹی کو کم وقت بھی دیا گیا تو دیگر پارٹیوں کی مدد حاصل کی جائے گی اور بی جے پی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے موقف کا لوک سبھا میں پردہ فاش کیا جائے گا ۔ مسٹر نارائنا نے یاد دلایا کہ بی جے پی کی مدد سے ہی تقسیم ریاست آندھراپردیش بل کو منظوری حاصل ہوئی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی رکن پارلیمان مسٹر وجئے سائی ریڈی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ وجئے سائی ریڈی کب کیا بات کرتے ہیں ۔ انہیں خود اس کا پتہ نہیں رہتا ہے ۔