مرکزی حکومت کے خلاف تروپتی کا جلسہ کامیاب ، وزیر کے سرینواس کا ادعاء

حیدرآباد /2 مئی ( سیاست نیوز ) وزیر اطلاعات و تعلقات عاملہ آندھراپردیش مسٹر کے سرینواسلو نے مرکزی حکومت کے خلاف گذشتہ ہی دن تروپتی میں منعقدہ احتجاجی جلسہ عام کے کامیاب انعقاد کا ادعاء کیا اور بتایا کہ درحقیقت تروپتی کا جلسہ عام مرکزی حکومت کیلئے ابتدائی انتباہ کے سوا کچھ اور نہیں ہے اور آئندہ دنوں میں مرکزی حکومت کے خلاف ریاست بھر میں مزید کئی عام جلسہ منعقد کئے جائیں گے ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کے سرینواسلو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے اشاروں پر ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی ریاست کو نقصان پہونچانے کیلئے اپنا رول ادا کر رہی ہے علاوہ ازیں ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی سازشی سیاسی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی غلط تشہیر کے ذریعہ ریاستی عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ لیکن ریاستی عوام وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حقیقی چہرے سے واقف ہوچکے ہیں ۔ لہذا آئندہ انتخابات میں یہی ریاستی عوام وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بہتر سبق سکھائیں گے ۔