31 جولائی آخری تاریخ مقرر ، انٹر تا پی ایچ ڈی اور خانگی کالجس سے پیشہ وارانہ طلبہ بھی اہل
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے علاوہ میرٹ کم مینس اسکالرشپ کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ تینوں اسکالرشپس کیلئے آن لائین درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر کی گئی ہے۔ پری میٹرک اسکالرشپ کے تحت پہلی تا دسویں جماعت کے طلبہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے تحت انٹرمیڈیٹ تا پی ایچ ڈی سرکاری یا خانگی مسلمہ کالجس کے طلبہ اور آئی ٹی آئی ، آئی ٹی سی ٹکنیکل کورسس کے طلبہ بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ میرٹ کم مینس اسکالرشپ کے تحت انڈر گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ ، ٹکنیکل اور پروفیشنل کورسس کے طلبہ درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ امیدوار نیشنل اسکالرشپ پورٹل (Scholarships.gov.in) پر آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ امیدواروں کو داخل کی گئی درخواستیں معہ دستاویزات اپنے تعلیمی ادارے میں داخل کرنا ہوگا تاکہ ان کی آن لائین جانچ کی جاسکے۔ درخواستوں کی ہارڈ کاپی ڈسٹرکٹ اور ریاستی دفتر میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ طلبہ درکار دستاویزات کو آن لائین اسکان اور اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ ایک مرتبہ درخواست کے ادخال کے بعد اس میں کسی تبدیلی یا ترمیم کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی ۔ لہذا طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پورے احتیاط کے ساتھ درخواست پر کریں ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستوں کو الاٹ کردہ نشانے کے اعتبار سے اسکالرشپ کی منظوری عمل میں آئے گی۔