ڈائرکٹوریٹ آف فیلڈ پبلیسٹی کے زیراہتمام ریجنل ورکشاپ سے بنڈارو دتاتریہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے آج پبلسیٹی ڈپارٹمنٹ پر زور دیا کہ مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیمات کی بنیادی سطح پر اچھی طرح تشہیر کی جائے تاکہ لوگ اس سے استفادہ کرسکیں۔ ڈائرکٹر آف فیلڈ پبلسیٹی، وزارت اطلاعات و نشریات کے زیراہتمام آج سی جی او ٹاورس پر حکومت ہند کی فلاحی اسکیمات پر منعقدہ ریجنل ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ ترقی کے عمل میں تیزی کیلئے فلاحی اسکیمات کی معلومات بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ انہوں نے حکومت کی مختلف اسکیمات پر ورکشاپ منعقد کرنے پر ڈی ایف پی کی ستائش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایف پی کے 11 یونٹس منڈل سطح پر حکومت کی فلاحی اسکیمات کے بارے میں تشہیر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت ملک کی جامع ترقی پر توجہ مرکوز کررہی ہے جو ترقی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ بنڈارو دتاتریہ نے مزید کہا کہ سوچھ بھارت، ڈیجیٹل انڈیا، میک ان انڈیا، اسکل انڈیا اور سوکانیا سمریدھی یوجنا جیسی اسکیمات ملک کی ترقی میں کلیدی رول ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاستوں کو مالی مدد کے ساتھ پوری مدد فراہم کررہی ہے۔ ہر اسکیم کے 60 فیصد فنڈس مرکز کی جانب سے فراہم کئے جارہے ہیں۔ محاصل میں ریاستوں کے حصہ کو بڑھا کر 32 فیصد سے 42 فیصد کیا گیا ہے۔ نیز 14 ویں فینانس کمیشن کے فنڈس بھی مجالس مقامی کو راست جاری کئے جارہے ہیں۔