کسانوں اور سرمایہ کاروں کی دلجوئی کیلئے اقدامات کا اعلان متوقع
نئی دہلی ۔ /28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی کے لئے بجٹ کی پیشکشی ایک مشکل ترین کام ہے ۔ انہیں زرعی شعبہ کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متوازن قدم اٹھانے پڑیں گے ۔ کل پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے والے عام بجٹ میں وزیر فینانس ارون جیٹلی اپنا تیسرا اور چیلنجس سے بھرپور بجٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے وسائل کو متحرک کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی پیداوار اور عالمی معاشی رفتار کے مطابق ترقی کے اقدامات کرنے اور اس کے لئے عائد ہونے والے مصارف کا موازنہ کیا ہے ۔ انکم ٹیکس محاذ پر بجٹ میں ٹیکس کی حد کو جوں کا توں برقرار رکھا جاسکتا ہے ۔ ایسا بھی خیال کیا جارہا ہے کہ آمدنی اور انکم ٹیکس کے لئے مقررہ حد تک استثنی دیا جائے گا ۔مسلسل خشک سالی کی صورتحال سے دوچار دیہی علاقوں میں فلاحی کاموں کی انجام دہی کا مسئلہ وزیر فینانس پر شدید دباؤ ڈال سکتا ہے جبکہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے وہ سرمایہ کاری کو ترغیب دینے والے اعلانات کریں گے ۔ اس کے لئے معاشی اصلاحات کو تیز تر اور وسیع تر بنانے کا وعدہ کیا جائے گا ۔ ان کی سب سے اہم مشکلات میں سرکاری ملازمین کو 7 ویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی کو ضروری بنانا ہے جس سے 1.02 لاکھ کروڑ روپئے کی کثیر رقم خرچ کی جائے گی ۔ وہ سابق میں اعلان کردہ اپنے مقصد کے مطابق کس طرح مالیاتی اقدامات کریں گے ۔ وہ بجٹ کی پیشکشی کے بعد معلوم ہوگا ۔ انہوں نے آئندہ سال کے جی ڈی پی کے 3.5 فیصد مالیاتی خسارہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ معاشی ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیر فینانس ارون جیٹلی 17 ایسے اہم امور پر توجہ دیں گے جس کے ذریعہ بجٹ کو عوامی مقبولیت کا حامل بنایا جاسکے ۔ ان میں انکم ٹیکس سے استثنیٰ کی حد تک 2,50,000 سے بڑھاکر 3,00,000 کرناہے ۔ اس کے علاوہ الاؤنس (تعلیمی و ٹرانسپورٹ وغیرہ) کی حد میں اضافہ انفرادی ٹیکس دہندگان کے مفادات پر خصوصی توجہ ، سیکشن 80C کے تحت گولڈ مونیٹائیزیشن اسکیم پر ٹیکس کٹوتی تاکہ سونے کی درآمدات کم ہو ۔ اس کے علاوہ انفراسٹرکچر باؤنڈس پر ٹیکس کٹوتی وغیرہ شامل ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کل ٹیکس کی پیشکشی کو ان کیلئے ایک امتحان قرار دیا لیکن انہوں نے اس امتحان میں کامیابی کے یقین کا اظہار کیا ہے ۔ مودی نے اعتراف کیا کہ بسا اوقات ذہنی تناؤ کا احساس ہوتا ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ وہ 125 کروڑ عوام کے روبرو اس امتحان میں کامیاب رہیں گے ۔ (بجٹ اور مودی کے بیان سے متعلق تفصیلی خبر صفحہ 3 پر)