مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی سے وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر کی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے دہلی میں مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کرتے ہوئے مرکزی بجٹ میں تیزی سے ترقی کرنے والے تلنگانہ کو خصوصی نمائندگی دینے، ایمس ہاسپٹل، سرسلہ میں میگاپاور لوم کے ساتھ مناسب فنڈز جاری کرتے ہوئے ترقی کی رفتار کو بڑھانے میں تعاون کرنے کی اپیل، ارون جیٹلی نے ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا۔ مرکزی بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے۔ کے ٹی آر نے جاپان سے واپسی کے بعد ارون جیٹلی سے ملاقات کی جو تقریباً آدھے گھنٹے پر مشتمل تھی۔ کے ٹی آر نے جیٹلی کو بتایا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے مختصر عرصہ میں ریاست تلنگانہ نے ترقی کے معاملے میں ترقی یافتہ ریاستوں کی فہرست میں اپنا نام شامل کروالیا ہے۔ ملک کی مجموعی شرح ترقی سے زیادہ تلنگانہ کی شرح ترقی ریکارڈ ہوئی ہے۔ ان حالات میں مرکزی حکومت مکمل تعاون کرے تاکہ ترقی کی رفتار کو مزید اضافہ کرنے میں مدد مل سکے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ مرکزی وزیرفینانس نے ان کی نمائندگی پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور انہیں امید ہے مرکزی بجٹ میں ایمس اور پاورلوم کے علاوہ دوسرے امور پر بھاری فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کی مالی امداد پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے بہت پہلے ہی مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ ملک میں تیزی سے ترقی کرنے والے ریاستوں میں تلنگانہ کا بھی شمار ہے۔ مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے انہیں بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ان سے جب ملاقات کی تھی تو ایک یادداشت پیش کی تھی جس میں وہ سب کچھ ہے جو آج کے ٹی آر نے نمائندگی کی ہے۔ مرکزی حکومت، تمام ریاستوں کو ایک ٹیم بنا کر کام کررہی ہے۔ بجٹ میں تمام ریاستوں سے انصاف کیا جائے گا۔