رینی گنٹہ میں رن وے کی توسیع پراجکٹ کا سنگ بنیاد، وینکیا نائیڈو کا خطاب
تروپتی۔/20فروری، ( پی ٹی آئی) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں رینی گنٹہ ایرپورٹ رن وے کی توسیع کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس رن وے کی تکمیل کے بعد یہاں بین الاقوامی پرواز کرنے والے طیاروں کی لینڈنگ ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے طیاروں کی لینڈنگ کی راہ ہموار کرنے کیلئے رینی گنٹہ کے علاوہ راجمندری، وجئے واڑہ اور وشاکھاپٹنم رن ویز کی توسیع کی جارہی ہے۔ آندھرا پردیش میں ایرپورٹس کی ترقی کے لئے نائب صدر وینکیا نائیڈو نے وزیر شہری ہوا بازی سریش پربھو اور ان کے پیشرو اشوک گجپتی راجو کی خدمات کی ستائش کی۔ سریش پربھو نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کے دوران اس ریاست میں مختلف ایرپورٹس کی توسیع کا تذکرہ کیا۔ وینکیا ائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دیئے گئے ٹیم انڈیا کے نعرہ کی ستائش کی اور کہا کہ مرکز اور ریاستوں میں برسراقتدار جماعتوں کو اپنے اختلافات سے بالاتر ہوتے ہوئے ملک کی ہمہ گیر ترقی کیلئے ٹیم کی طرح کام کرنا چاہیئے۔ نائب صدر اس پروگرام کے بعد ایک خصوصی ٹرین کے دڑیعہ اپنے آبائی ضلع نیلور روانہ ہوگئے جہاں وہ مقامی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔وہ 25 فروری کو تروپتی واپسی کے بعد دہلی کیلئے پرواز کریں گے۔