مراکز رائے دہی پر ناموں کی جانچ و شمولیت کی مہم کی ستائش

حیدرآباد۔4نومبر(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں موجود 3ہزار 820مراکز رائے دہی پر آج صبح 10تاشام5بجے رائے دہندوں کے لئے فہرست رائے دہی میں ناموں کی جانچ کی سہولت فراہم کی گئی تھی تاکہ شہری اپنے ناموں کی جانچ کو ممکن بنا سکیں اس کے علاوہ مراکز رائے دہی پر نئے ناموں کی شمولیت کے لئے فارم 6 بھی فراہم کئے گئے تھے تاکہ جو شہری اپنے ناموں کا اندراج کروانا چاہتے ہیں وہ فارم داخل کرتے ہوئے اپنا نام اندراج کرواسکیں۔کمشنرمجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر نے شہر حیدرآباد کے بعض مراکز رائے دہی کا معائنہ کرتے ہوئے شہر میں چلائی گئی خصوصی مہم کی ستائش کی اور کہا کہ اس مہم کا مقصد عوام کو رائے دہی کی خصوصیت و اہمیت سے واقف کرواتے ہوئے انہیں رائے دہی کی سمت راغب کروانا ہے۔ شہر حیدرآباد کے مراکز رائے دہی میں موجودہ انتظامات کے متعلق بھی انھوں نے تفصیلات حاصل کی اور انہیں مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔