مراکز رائے دہی میں دھاندلیوں کی جامع تحقیقات پر زور

ایل راجگوپال کے سروے پر خوشی سے سرشار نہیں، رائے شماری کے بعد ہی حقیقی نتائج، آر چندرشیکھر ریڈی

حیدرآباد ۔ 8 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی پولیٹ بیورو رکن و سابق رکن پارلیمان مسٹر آر چندرشیکھر ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ تلنگانہ کے انتخابی نتائج سے متعلق سابق رکن پارلیمان مسٹر ایل راجگوپال کے انتخابی سروے کے ذریعہ مہاکوٹمی کو (عظیم اتحاد کو) حاصل ہونے والی نشستوں کی تعداد کے اظہار سے ہم ہرگز خوشی سے سرشار نہیں ہوئے ہیں کیونکہ ووٹوں کی گنتی کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی ہمیں حقیقی اعداد و شمار حاصل ہوجائیں گے۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر آر چندرشیکھر ریڈی نے ریاست تلنگانہ کے نگرانکار چیف منسٹر و صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چندرشیکھر راؤ ’’مڈل ڈراپ‘‘ ہوگئے ہیں اور ایک جامع منصوبہ کے ساتھ انتخابات منعقد نہیں کئے جاسکے کیونکہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو وسائل فراہم کرنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہوتی ہے۔ مسٹر آر چندرشیکھر ریڈی نے مراکز رائے دہی میں پیش آئے مبینہ بے قاعدگیوں کے واقعات کی مکمل تحقیقات کروانے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ تلگودیشم پارٹی کے انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق مسٹر آر چندرشیکھر ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ تلگودیشم پارٹی کبھی بھی ووٹوں کے حصول اور نشستوں کیلئے ہرگز کام نہیں کرے گی بلکہ عوامی مفادات کیلئے ہی تلگودیشم پارٹی کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ دن منعقدہ اسمبلی انتخاابات کے موقع پر تلنگانہ کے 119 حلقہ جات اسمبلی میں تلگودیشم پارٹی کا پرچم لہرایا گیا اور جن حلقہ جات اسمبلی سے تلگودیشم پارٹی کو کامیابی کا کامل یقین تھا ان ہی حلقہ جات اسمبلی سے پارٹی امیدواروں کو مقابلہ کروانے کا قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قیادت کو ہدایات دی تھیں جس کے پیش نظر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے اپنے صرف 13 امیدواروں کو مختلف اسمبلی حلقہ جات سے انتخابی مقابلہ کروایا۔ رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی مسٹر آر چندرشیکھر ریڈی نے مزید کہا کہ تلگودیشم پارٹی کیلئے ووٹ اور سیٹس (نشستیں) اہمیت کے حامل نہیں ہیں بلکہ ملک کی جمہوریت کا تحفظ و دستورہند کا تحفظ سب سے زیادہ عزیز و اہمیت کا حامل ہے اور اس مقصد کے حصول میں کامیابی کیلئے 10 ڈسمبر کو قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے دہلی میں تمام غیر بی جے پی جماعتوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں توقع ہیکہ تمام غیر بی جے پی قومی و علاقائی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔
انہوں نے تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ تلنگانہ میں مہاکوٹمی کو ہی اکثریت حاصل ہوگی اور مہاکوٹمی اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرے گی۔