محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔
درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بمقام خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید نزد بھارت کرانہ اسٹور منعقد ہوگا ۔۔
جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : مولانا محمد مصدق القاسمی جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کے بموجب جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد کے اراکین عاملہ و منتظمہ اور اراکین عام کا اہم ہنگامی اجلاس 31 اگست بعد نماز عشاء 9 بجے شب جامع مسجد دارالشفاء میں منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد عبدالقوی ، نائب صدر جمعیتہ علماء گریٹر حیدرآباد صدارت کریں گے ۔ مہمان خصوصی مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش ، جمعیتہ علماء کی تاریخ اور اجلاس عام کے سلسلہ میں خطاب کریں گے ۔۔
مکہ مسجد میں سالانہ فاتحہ خلیفہ سوم ؓ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : الحاج محمد عبدالقدیر صدیقی مہتمم مکہ مسجد کے بموجب فاتحہ سالانہ خلیفہ سوم حضرت سیدنا عثمان غنیؓ 18 اگست بروز جمعرات بعد نماز عصر بمقام مکہ مسجد مقرر ہے ۔ آغاز جناب حافظ محمد شیخ علی موذن مکہ مسجد کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ اس کے بعد حافظ محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد کا بیان ہوگا ۔۔
مقامی علماء و مشائخ سے استفادہ:مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگسٹ ۔ (راست) مولانا غوثوی شاہ نے حیدرآباد کے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حیدرآباد ی مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مقامی علماء سے علومِ دینیہ کا حصول کریں اور مقامی مشائخین سے بیعت لیں تا کہ اُن کی صحبت میں رہ کر تزکیہ نفس و تصفیہ قلب کر سکیںاور اُن کے حلقہء ذکر وفکر میں شریک ہو سکیں اگر چہ بیرونِ ہند کے مشائخ سے بھی بیعت لینا جائز ہے لیکن اُن سے اُتنا استفادہ نہیں کیا جاسکتا جتنا کہ یہاں کے مشائخ سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ یہاں کے مشائخین طریقت کے ساتھ شریعت کے بھی پابند ہیں اور ُانکے بزرگوں کی مزارات بھی یہاں ہیں جنکی زیارت سے اعراس کے مو اقع پر روحانی فیض بھی حاصل کیا جاسکتا ہے ۔مسلمانوں کو چاہئے کہ سونچ سمجھ کر دیکھ بھال کر اپنے آپ کو کسی مُرشد کے حوالے کریں جو شریعت کے عامل اور طریقت میں کامل ہوں ۔ایسے دَور میں دینؔ کے اعتبارات کو کتاب و سُنّت کی روشنی میں سمجھنے کے لئے "مُرشدِ کامل” کی ضرورت ہے۔ولیؔ ومرشد ؔکا لفظ سورہ کہف میں آیا ہے چونکہ بیعت و مُریدی نماز روزہ کی پابندی باطنی تزکیہ نفس و تصفیہ قلب اور حصولِ قرب حق اور ِحُبِّ خدا اور رسول ؐ کا کامل ذریعہ ہے ۔مولانا رومؔ فرماتے ہیں ؎
پیر را بگزیں کہ بے پیر ایں سفر ہست بس پُر آفت و خوف و خطر
یعنی پیر کو قبول کر کے یہ راہ حق کا سفر بغیر پیر کے بہت ہی خطر ناک ہے۔لہٰذا سُنّت ِصحابہ ؓ واولیاء کی روشنی میں کسی ’’شیخ ِ کامل ‘‘سے بیعت لینا ضروری ہے۔ ؎
ہے جسکو حق سے توفیق و ہدایت ہے اُس کے حق میںاِتنا ہی کفایت
یوم حضرت ذوالنورینؓ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام یوم خلیفہ سوم امیر المومنین حضرت ذوالنورین ؓ زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری مجددی 30 اگست جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ، شکر گنج مقرر ہے ۔ مفتی سید احمد غوری نقشبندی اور مولانا سید رضوان پاشاہ قادری کے خطابات ہوں گے ۔ حافظ باسط خاں کی قرات ، قاری اسد اللہ شریف و سید امجد رضوی کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ بعد ازاں ختم دلائل الخیرات و ختم خواجگان نقشبند و شجرہ خوانی کی محفل رہے گی ۔ نظامت کے فرائض قاری سید شاہ سعد اللہ بشیر انس انجام دیں گے ۔۔
یوم شہادت خلیفہ سوم سیدنا عثمان غنیؓ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : مرکزی انجمن سیف الاسلام کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ ہائے یوم شہادت جامع القرآن سیدنا عثمان غنی ؓ کے ضمن میں مولانا عرفان اللہ شاہ نوری کی نگرانی میں 30 اگست 11 بجے دن دارالعلوم سیف الاسلام مسجد تیغ جنگ خلوت پیالیس روڈ اور بعد نماز عصر دارالعلوم بغدادیہ نظامیہ مسجد حسنین حسن نگر میں جلسہ فیضان سیدنا عثمانؓ مقرر ہے ۔ 18 ذی الحجہ کو یوم شہادت کی مناسبت سے مولانا سلمان سہروردی نے مساجد کمیٹیوں اور ائمہ خطیب صاحبین سے اپیل کی کہ جمعہ کے موقع پر سیدنا عثمان غنیؓ کی سیرت پر اپنے بیانات کے ذریعہ ملت اسلامیہ میں اسلام پر جان مال قربان کرنے اور شرم و حیا کے پہلو پر نوجوان نسل کو زور دیں کہ آج کل بے حیائی عام ہوچکی اس کی روک تھام ہو ۔ مرکزی انجمن سیف الاسلام کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح یکم محرم یوم شہادت سیدنا عمر ابن خطاب ؓ تک مختلف مقامات پر جلسہ ہائے شہادت سیدنا عمرؓ و سیدنا عثمان ؓ منائے جائیں گے ۔۔
غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : عرس حضرت سید شاہ عبدالوہاب قادری معشوق اللہ گجراتی کے ضمن میں سالانہ غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ 31 اگست کو بعد نماز عشاء 9 بجے شب مسجد قادریہ سید علی گوڑہ مراد نگر میں منعقد ہوگا ۔ مولانا سید عبید قادری نگرانی کریں گے ۔ ظہیر الدین بابر کی حمد باری تعالیٰ سے مشاعرہ کا آغاز ہوگا ۔ مدعو شعراء مسرس فاروق شکیل ، سید یوسف روش ، شاہد عدیلی ، فرید سحر ، سید سمیع اللہ حسینی ، طیب پاشاہ قادری ، قاضی فاروق عارفی ، مبشر احمد نشتر ، فرید الدین صادق ، ناقد رزاقی ، ابوالحسن قابل حیدرآبادی ، سید جلیس ، سہیل عظیم ، تشکیل انور رزاقی ، محمد ثنا اللہ انصاری وصفی ، جہانگیر قیاس ، محمد سراج الدین مدنی ، محمد شبیر علی خاں شبیر اور میر عظمت علی کلام سنائیں گے ۔ سہیل عظیم نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔۔
حضرت عثمان غنی ؓ نے مسلمانوں کے لیے بئر رومہ خریدا : حافظ صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : تاریخ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ نبوت کے تیرہویں سال جب مسلمان ہجرت کر کے مدینہ منورہ پہونچے تو وہاں پینے کے پانی کی بہت قلت تھی ۔ مدینہ میں ایک یہودی کا کنواں تھا جو مسلمانوں کو پانی مہنگی قیمت میں فروخت کرتا تھا ۔ اس کنواں کا نام ’ بئر رومہ ‘ یعنی رومہ کا کنواں تھا ، پریشانی کے عالم میں مسلمانوں نے رسول اللہ ﷺ سے فریاد کی ۔ جس پر آپ ؐ نے اعلان کیا کہ جو کنواں خریدے اور مسلمانوں کو وقف کردے ۔ ایسا کرنے پر اللہ تعالیٰ اسے جنت میں چشمہ عطا کرے گا ۔ چنانچہ اس کو حضرت عثمان غنی ؓ نے خرید کر وقف کردیا ۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم فروغ لسانیات کے دفتر میں منعقدہ جلسہ سے مولانا محمد صابر پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی ؓ نے کم و بیش 35 ہزار درہم میں پورے کنویں کو خرید کر مسلمانوں کے لیے وقف کردیا اور جنت میں چشمہ کے مستحق ہوگئے ۔۔
جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( راست ) : مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں بروز جمعرات بعد نماز ظہر زیر صدارت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ منعقد ہے۔ قرات کلام پاک کے بعد مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔