مدینہ بلڈنگ تا ہائی کورٹ ٹریفک کے رخ میں تبدیلی

حیدرآباد۔/10 جون، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں ٹریفک کے آسان بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے کئے جارہے تجرباتی اقدامات کے تحت آج دو گھنٹے کیلئے چارمینار سے نیا پل کی سمت جانے والی ٹریفک کو مدینہ بلڈنگ سے ہائی کورٹ کی سڑک پر موڑ دیا گیا تھا اور تجویز کے مطابق مزید چند دنوں کیلئے تجرباتی اساس پر راستوں کی تبدیلی کا یہ سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے چارمینار کے قریب آٹو کے پہنچنے پر عائد کردہ پابندی کے متعلق بھی فی الحال تجربہ کیا جارہا ہے اور اس پر بھی کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پرانے شہر کے اہم علاقوں چارمینار، پتھرگٹی، مدینہ بلڈنگ، ہائی کورٹ، منڈی میرعالم کے علاوہ کوٹلہ عالیجاہ، مغلپورہ، شاہ علی بنڈہ میں مصروف ترین اوقات کے دوران ٹریفک جام کی شکایات کو دور کرنے کیلئے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب شہری پولیس انتظامیہ نے ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے خانگی کمپنی سے خدمات حاصل کی ہیں جس کے مشوروں پر یہ تبدیلیاں تجرباتی اساس پر کی جارہی ہیں۔ کامیاب تجربوں کی صورت میں شہر کے کئی چوراہوں کو ٹریفک سگنل سے پاک بنانے کے منصوبوں کو قطعیت دی جاسکتی ہے۔