مدھیہ پردیش کے اسکول میں طلبہ پر جئے ہند کہہ کر حاضری دینے کا لزوم

بھوپال۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے تمام طلبہ حاضری دینے کیلئے جئے ہند کہیں گے۔ قبل ازیں معمول کے مطابق وہ یا تو یس سر یا یس میڈم کہا کرتے تھے۔ آئندہ تعلیمی سال سے حالیہ سرکاری حکمنامہ کے بموجب انہیں حاضری دیتے وقت جئے ہند کہنا ہوگا۔ اس کا مقصد بچوں میں حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔ وزیراسکولی تعلیم وجئے شاہ نے حال ہی میں 1.22 لاکھ سرکاری اسکولس کے اور 35 ہزار سے زیادہ خانگی اسکولس کے انتظامیہ کو سرکاری حکمنامہ روانہ کرتے ہوئے انہیں اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہیکہ طلبہ حاضری دیتے وقت آئندہ تعلیمی سال سے جئے ہند کہا کریں۔ وہ یس سر اور یس میڈم کے علاوہ پریزنٹ سر یا میڈم بھی کہا کرتے تھے۔ وزیراسکولی تعلیم نے کہا کہ جئے ہند ملک میں حب الوطنی کو اور طلبہ میں وطن سے محبت کو فروغ دے گا۔