مدھیہ پردیش میں موسلا دھار بارشیں دس اموات ، 6000 افراد کا تخلیہ

بھوپال ۔ 20 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دس افراد فوت ہوگئے جبکہ مدھیہ پردیش کے مغربی حصہ میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر آج زیرآب علاقوں سے لگ بھگ 6,000 افراد کا تخلیہ کرایا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے پی سنگھ نے کہاکہ سیہور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس سے تقریباً 140 کیلومیٹر دور موضع کھنڈاوار میں تین خاندانوں کے 12 ارکان آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں بارش کے ریلوں میں بہہ گئے ۔ انھوں نے کہا کہ 8 افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ بقیہ لاپتہ ہے ۔ یہ اطلاع موصول ہونے پر چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان سیہور کیلئے نکل پڑے جو اُن کا آبائی ضلع ہے ، اور متوفیوں کے ارکان خاندان کو تسلی دی ۔ انھوں نے متوفیوں کے ارکان خاندان کو فی کس دو لاکھ روپئے کی مالی مدد کا اعلان بھی کیا ۔ دریں اثناء ضلع اُجین کی دریائے شپرا میں ایک غیرشناخت شدہ نعش سطح پر پائی گئی ، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 انچ بارش ہوئی ہے ۔ پولیس عہدیدار نے کہاکہ بارش کے پانی سے اس ضلع کے کئی حصے زیرآب ہوگئے ہیں۔ ایک مربوط واقعہ میں اندور کے علاقہ میں ایک تین سالہ لڑکا پھسل کر نالے میں گر پڑا اور غرقاب ہوگیا ۔ حکام نے بتایا کہ 1000 افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔