کھنڈوا (مدھیہ پردیش) /15 جون (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش میں ایک قبائیلی خاتون کی 10 افراد بشمول اس کے شوہر نے مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کی، اسے برہنہ گشت کرایا گیا اور اس خاتون کے کمسن لڑکے کے سامنے اسے پیشاب پینے کیلئے مجبور کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اراضی کے تنازعہ پر یہ واقعہ پیش آیا ۔ متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں کہا کہ اس کے شوہر کی ایماء پر یہ کارروائی کی گئی ۔ تمام ملزمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ یہ واقعہ بھیالی کھیڑا گاؤں میں تین دن قبل پیش آیا اور متاثرہ خاتون نے /13 جون کو پولیس میں اس وقت شکایت درج کروائی جب ارکان خاندان اسے کھنڈوا ڈسٹرکٹ ہاسپٹل لے آئے ۔
پولیس نے اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے تمام 10 ملزمین بشمول شوہر کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی ایس پی کے مطابق اس خاتون نے بتایا کہ تمام 10 افراد نے اس کے ساتھ انتہائی بدترین سلوک کیا اور اسے برہنہ گشت کرایا ۔ جب اس نے پانی مانگا تو اسے کمسن بیٹے کے سامنے پیشاب پینے کیلئے مجبور کیا گیا ۔ اس کے بعد ان سب نے اجتماعی عصمت ریزی کی ۔ اس دوران خاتون کے شوہر نے میڈیا کے سامنے یہ دعویٰ کیا کہ وہ اراضی کے تنازعہ پر بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے ۔