مدھیہ پردیش میں ایک بس دریا میں گر گئی 15 باراتی ہلاک اور دیگر 38 زخمی

اتارسی ( مدھیہ پردیش ) ۔ 15 ۔ دسمبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : مدھیہ پردیش کے ضلع ہوشنگ آباد میں آج ایک بس کے برج سے دریا میں گرجانے کے باعث کم از کم 15 افراد بشمول 7 خواتین ہلاک دیگر 38 شدید زخمی ہوگئے ۔ اس بس میں باراتی سوار تھے ۔ یہ حادثہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب یہ بس اندور سے پارسیہ جارہی تھی ۔ سوبھاگ پور پولیس اسٹیشن کے انچارج سدھارتھ سنگھ نے بتایا کہ حادثہ میں 15 افراد ہلاک اور دیگر 38 باراتی زخمی ہوگئے ۔ جنہیں بھوپال اور ہوشنگ آباد کے ہاسپٹلوں میں شریک کروادیا گیا ہے ۔ یہ بس سوبھاگ پور سے 7 کلومیٹر دور لونگا بنجاری ولیج کے قریب ایک دریائی پل عبور کررہی تھی کہ حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے اس حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہر ایک مہلوک کے ورثا کو 1.5 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ہوشنگ آباد ضلع کلکٹر سنکیٹ بھونڈو اور دیگر سینئیر عہدیدار جائے وقوع پہنچ گئے اور امداد اور بچاؤ کی کارروائی شروع کردی گئی ۔۔