چیف منسٹر چوہان افتتاح کرنے والے تھے، کانگریس لیڈر کیخلاف مقدمہ
رتلام (ایم پی ) ۔13ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکام کے مطابق پولیس نے کانگریس ایم پی کانتی لال بھوریا کے خلاف ایک کیس درج کرلیا کیونکہ وہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کا افتتاح ایک دن قبل ہی کر ڈالا کیونکہ دوسرے دن اس کا افتتاح وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کرنے والے تھے ۔ سابق مرکزی وزیر بھوریا رتلام ۔ جوبوا لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ انتخابات کے پیش نظر بھوریا نے اپنے حامیوں کو لیکر گورنمنٹ میڈیکل کالج بنجلی رتلام میں ربن کاٹ کر افتتاح کرڈالا ‘ کیونکہ انکے مطابق منگل کا دن ان کیلئے اچھا تھا اس لئے انہوں نے کالج کا جو یو پی اے دور میں منظور ہوا تھا افتتاح کرڈالا ۔ انتظامیہ کو اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقہ کو اپنے محاصرہ میں لے لیا ۔ رتلام ایس پی گورو تیواری کے مطابق کالج انتظامیہ کی ایک شکایت پر مسٹر بھوریا اوران کے پندرہ حامیوں کے خلاف دفعہ 188,144 اور 148 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ چنانچہ بروز چہارشنبہ کو وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے 350کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ اس کالج کا دوبارہ رسمی افتتاح کیا ۔