مدر ٹریسا پر بھاگوت کے ریمارکس اقلیتی پیانل کا اظہار مذمت

نئی دہلی ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے مدر ٹریسا کے بارے میں متنازعہ ریمارکس پر آج ایک قومی پیانل نے ناراضگی ظاہر کی اور بے غرض سماجی خدمت میں پورے اخلاص کے ساتھ کام کرنے والی شخصیتوں کے تعلق سے مباحث یا تبادلہ خیال کے دوران تحمل برتنے پر زور دیا۔ بھاگوت کا نام لئے بغیر قومی کمیشن برائے اقلیتیں نے آج منظورہ ایک قرارداد میں کہا کہ اسے میڈیا کی جانب سے اجاگر کئے گئے بعض ریمارکس پر سخت تکلیف ہوئی، جن میں آنجہانی مدر ٹریساکی سرگرمیوں کے بارے میں شبہات ظاہر کئے گئے ہیں۔ پانچ رکنی کمیشن نے قرارداد کی منظوری کی اور کہا کہ عظیم شخصیتوں کی روح کو تکلیف نہیں دینا چاہئے۔