الہ آباد ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) الہ آباد ہائیکورٹ نے حکومت اُترپردیش کو ہدایت کی ہے کہ ریاست کے تمام مدرسوں میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم کشائی کو یقینی بنایاجائے ۔ جسٹس ڈی وائی چندراچوڑ اور جسٹس یشونت ورما پر مشتمل ایک بنچ نے احکام جاری کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔ علیگڈھ کے ساکن ارون گوڑ کی طرف سے دائر کردہ مفاد عامہ کی ایک درخواست پر یہ احکام جاری کئے گئے ۔ گوڑ نے استدعا کی تھی کہ حکومت کے زیرکنٹرول اور امدادی اداروں کی طرح مدرسوں میں بھی 15 اگسٹ اور 26 جنوری کو قومی پرچم کشائی تقریب کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے احکام جاری کئے حائیں۔ عدالت نے اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 22 ستمبر مقرر کرتے ہوئے مفاد عامہ کی اس درخواست پر جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔