لکھنؤ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یوپی کے مدارس میں ڈریس کوڈ نافذ کرنے پر ایس پی کے سینئر لیڈر اعظم خان نے یوگی حکومت پر شدید تنقید کی۔ اعظم خان نے کہاکہ حکومت نے ابھی آدھی بات کہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اگر ڈریس کوڈ نافذ نہ ہوا اور مدارس نے نافذ نہیں کیا تو سزا کیا ہوگی؟ انھوں نے کہاکہ کیا اس حالت میں مدرسہ منہدم کردیا جائے گیا اساتذہ پر تیزاب ڈالا جائے گا۔ اعظم خان نے کہاکہ ڈریس کوڈ کو نہ ماننے والوں کو سزا کیا ملے گی۔ یہ بھی ساتھ ہی بتادیا ہوتا تو زیادہ اچھی بات ہوگی۔ رامپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے مدارس میں یوگی حکومت کے ذریعہ این سی آر ٹی نصاب نافذ کرنے پر کہاکہ ’صاحب‘ جو چاہے کریں مگر وہ ایسا نہ کریں تو کیا ہوگا یہ بھی بتائیں۔ انھوں نے کہاکہ حکومت کو ہر جرم کی سزا کا بھی اعلان کردینا چاہئے تاکہ ایک بار پھر بحث میں یہ بات آجائے کہ اندرا گاندھی کی ایمرجنسی کیا تھی اور نریندر مودی کی ایمرجنسی کیا ہے۔ اعظم خان نے کہاکہ اندرا گاندھی کی ایمرجنسی اعلانیہ تھی، نریندر مودی کی غیر اعلانیہ ہے۔ اعلامیہ سے غیر اعلانیہ ایمرجنسی زیادہ خطرناک ہے۔