اے پی نرودیوگولا آئیکیا ویدیکا کا آج سے احتجاجی پروگرام
حیدرآباد 30 اگسٹ(این ایس ایس) آندھراپردیش نرودیوگولا آئیکیا ویدیکا (بے روزگاروں کی جے اے سی) نے ایک پانچ نکاتی ایجی ٹیشن پروگرام کو قطعیت دیتے ہوئے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ دو لاکھ جائیدادوں کو پُر کیا جائے اور گروپ I ، گروپ II ، جے ایل ڈی ایل، پنچایتی سکریٹریز اور دیگر پوسٹس کیلئے فوری اعلامیہ جاری کیا جائے۔ ویدیکا کے بانی صدر ایل گوئند راؤ اور دوسروں نے آج یہاں این ایس ایس پر میڈیا نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں 31 اگسٹ کو اندرا پارک پر بھوک ہڑتال کرنے، یکم ستمبر کو این ٹی آر بھون کا گھیراؤ کرنے، 2 ستمبر کو چیف منسٹر کے کیمپ آفس کا گھیراؤ کرنے، 3 ستمبر کو سکریٹریٹ میں بھیک مانگنے پروگرام منعقد کرنے اور 4 ستمبر کو اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گویند راؤ نے کہاکہ ان کے پروگرام کا مقصد بے روزگار نوجوانوں کی مشکلات کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرنا اور 2014 ء کے انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے حکومت کو توجہ دلانا ہے۔ ان کے دیگر مطالبات میں کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ سسٹم کی منسوخی، ہر خاندان کے لئے ایک جاب کے وعدہ پر عمل درآمد، ہر ماہ بے روزگاری الاؤنس 5000 روپئے ادا کرنا شامل ہے۔