گوہاٹی 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے آج کہا کہ بی ٹی اے ڈی اضلاع کے تشدد سے متاثرہ مخدوش علاقوں میں عوام کی حفاظت کیلئے اسپیشل فورس تشکیل دی جائے گی جبکہ مرکز سے سکیوریٹی فورسیس کی 34 اضافی کمپنیاں طلب کی گئی ہیں۔ گوگوئی نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مخدوش علاقوں کی حفاظت اور وہاں کے عوام کی سلامتی کیلئے ولیج ڈیفنس پارٹی (وی ڈی پی) کے خطوط پر مقامی عوام کی بھرتی کے ساتھ خصوصی فورس بنائی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس فورس کے لوگ صرف مقامی علاقوں سے بھرتی کئے جائیں گے تا کہ وہ وہیں قیام کریں اور تبادلوں کا مسئلہ پیدا نہ ہونے پائے۔ گوگوئی نے مزید کہا، ’’تشدد سے متاثرہ علاقوں میں سکیوریٹی کی فراہمی اور عوام میں اعتماد کی بحالی میرے پیش نظر ہیں۔ میں نے وہاں تعیناتی کیلئے سکیوریٹی فورسیس کی اضافی 34 کمپنیاں مانگی ہیں تا کہ لوگوں کے ذہنوں میں اعتماد پیدا کیا جاسکے‘‘۔
چیف منسٹر نے یقین دلایا کہ وہاں پولیس اسٹیشنوں اور چوکیوں کی تعداد میں مسئلہ کے مستقل حل کی خاطر اضافہ کیا جائے گا نیز اس کا مقصد عوام میں سکیوریٹی کا احساس پیدا کرنا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ منصوبہ بھی ہے کہ ان اندرونی مقامات پر پولیس پکٹس بھی رکھے جائیں جس کے ساتھ ساتھ کربی انگلانگ اور دیما ہاسن اضلاع میں بھی ایسا ہی کیا جائے جہاں اس طرح کے مسائل وقفہ وقفہ سے پیش آتے ہیں۔ ہم پڑوسی بھوٹان حکومت کے ساتھ رابطہ بھی قائم رکھیں گے کیونکہ حملہ آور بعض اوقات وہاں فرار ہوجاتے ہیں حتی کہ اروناچل پردیش میں بھی گھس جاتے ہیں۔