مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا احترام لازمی: موہن بھاگوت

لندن ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ دنیا میں اسی وقت ترقی کے نتائج سامنے آئیں گے جب دنیا کے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا یکساں طور احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوازم ایک ایسا مذہب ہے جس میں رواداری کی بیحد گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی گذارنے کیلئے روزمرہ ہمیں جن اقدار سے گذرنا پڑتا ہے ہندوازم میں وہ اقدار بدرجہ اتم موجود ہیں۔ تین روزہ سنسکرتی ’’مہاشیبیر‘‘ کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی جس کا اہتمام یو کے کی ایک چیاریٹی تنظیم ہندو سویم سیوک سنگھ نے ہارڈ فورڈ شائر میں کیا تھا جو یہاں سے 50 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ انہوں نے ہندوازم کے اس فلسفہ کا بھی تذکرہ کیا جہاں واسودیوا کٹمبکم کے اصول پر عمل کیا جاتا ہے یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے۔