مختلف محکمہ جات میں تقررات کیلئے چار نئے نوٹیفیکیشن جاری

حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی پبلک سرویس کمیشن نے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے آج چار نئے نوٹیفکیشن جاری کئے اور بتایا کہ ریاست میں جملہ 423 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ 423 مخلوعہ جائیدادوں کے منجملہ محکمہ ہارٹیکلچر میں 27 ہارٹیکلچر آفیسرس (6) اسسٹنٹ لائبریرین (238) فارماسسٹس گریڈ II، 152 اے این ایم جائیدادیں شامل ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ جاریہ ماہ ایک اور اعلامیہ جاری کیا جائیگا جس کے تحت 310 ہاسٹل ویلفیر کی جائیدادیں شامل رہیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے ٹیچرس رکروٹمنٹ ٹسٹ (ٹی آر ٹی) کیلئے داخل کردہ درخواست فارمس ترمیم کیلئے امیدواروں کو ایک اور موقع فراہم کیا گیا ہے۔ سابقہ اضلاع کے مطابق درج تفصیلات بھی امیدوار مناسب انداز میں درج نہیں کئے۔ بائیو ڈاٹا جیسی تفصیلات بھی ٹھیک سے درج نہیں کئے ۔ ان کو دوبارہ صحیح درج کرنے مزید ایک موقع دیا جارہا ہے۔ اس طرح 26 اور 27 جنوری دو دن درخواست فارم تصحیح کرسکتے ہیں۔