جموں۔16نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فوج کو چین کی جانب سے تربیت دی جانے کی اطلاعات کے درمیان مملکتی وزیر داخلہ کرن رجی جونے آج کہا کہ ہندوستان نے چین کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اس سے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف پاکستان کی کسی بھی کوشش کی حمایت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ نے پہلے ہی اپنی ناراضگی سے چین کو واقف کروایا ہے ۔ انٹیلیجنس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرحد پر پاکستانی فوج کو چین کی جانب سے تربیت دی جارہی ہے ۔ پاکستانی فوج کو لائن آف کنٹرول کی اُس جانب چین کی فوج ہتھیار چلانا سکھارہی ہے ۔جموں کشمیر کے راجوری سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے اُس طرف پاکستانی فوج اپنے دفاعی موقف میں رہ کر تربیت حاصل کررہی ہے ۔ رجی جو نے کہا کہ چین کی سرحد سے متصل علاقوں میں کچھ تبدیلیاں آرہی ہیں اور اس علاقہ کو انفراسٹرکچر سے ترقی دی جائے گی ۔ مرکزی حکومت نے 20ہزار کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میںعصری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔