مخالف مودی ریمارکس ‘ معذرت سے انکار : کلیان بنرجی

نئی دہلی ۔ 9 ڈسمبر سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اپنے مبینہ قابل اعتراض ریمارکس پر موقف میںنرمی پیدا کرنے سے گریز کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے کہا کہ ان کے خلاف تحریک سرزنش پیش کرنے حکومت کی دھمکی کا ان پر کچھ اثر نہیں ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ پارلیمنٹ کے باہر کہی گئی کسی بی بات پر اس طرح کی کارروائی نہیں کی جاسکتی ۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ انہوں نے جو کچھ بھی ریمارکس کئے ہیں ان پر وہ معذرت خواہی نہیںکرینگے کیونکہ انہوں نے ایک سیاسی تقریر کی ہے اور اس میںکچھ غلط نہیںہے ۔ انہوں نے میڈیا کے استفسار پر کہا کہ پہلے حکومت کو تحریک سرزنش پیش کرنے دیجئے ۔ اس کے بعد وہ دیکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر جو تقریر کی جاتی ہے وہ پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر ایک سیاسی جماعت کے رکن کی حیثیت سے تقریر کی ہے اور اس پر سرزنش نہیں کی جاسکتی ۔ معذرت خواہی کرنے بی جے پی کے مطالبہ پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے کچھ بھی غلط نہیں کہا ہے تو معذرت کیوں کریں۔ ان کا یہ بیان سیاسی تھا ۔