جموں،28اگست (یو این آئی)جموں وکشمیر پولیس نے 25اگست کو سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر میں نیشنل کانفرنس کی طرف سے دفعہ35-Aکے حق میں نکالی گئی احتجاجی ریلی کے دوران ملک مخالف نعرہ بازی کرنے پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے ۔اس احتجاجی ریلی کی قیادت نیشنل کانفرنس سے وابستہ ایم ایل اے مینڈھر جاوید احمد رانا کر رہے تھے ۔ ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے بتایاکہ پولیس تھانہ مینڈھر میں دفعہ124A اور120Bضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر سی آر پی سی کی دفعہ196کے تحت ضلع مجسٹریٹ پونچھ کی طرف سے شکایت درج کرانے کے بعد درج کی گئی ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے یہ شکایت سوشل میڈیا پر سرکولیٹ ہوئی ویڈیو جس میں مظاہرین ملک مخالف نعرہ بازی کرتے دکھائی دے رہے ہیں، کے بعد پولیس کے پاس درج کی۔
ایس ایس پی کے مطابق نعرہ بازی کرنے والے سبھی اشخاص کی شناخت کی جارہی ہے جن کے خلاف کورٹ سے وارنٹ لینے کے بعد مناسب قانونی کارروائی ہوگی۔ پونچھ ضلع میں یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے جہاں احتجاج کے دوران مظاہرین نے ملک مخالف نعرہ بازی کی ہو۔